چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا ماڈل ٹائون اتوار بازار کا دورہ،گراں فروشی پر چار کو بھاری جرمانے

ناقص اشیاء کی فروخت پرتین سٹالز منسوخ،کم تولنے والے 2دکانداروں کیخلاف ایف آئی آر درج

اتوار 6 مئی 2018 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرو ل کمیٹی میاں عثمان نے ماڈل ٹائون لنک روڈ اتوار بازار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا تفصیلی جائز ہ لیا ،گراں فروشی پر چار کو بھاری جرمانے، کم تولنے پر دو کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج جبکہ ناقص پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والے تین دکانداروں کے سٹالز منسوخ کر دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی سی میا ں عثمان اچانک ماڈل ٹائون لنک روڈ اتوار بازار پہنچ گئے اور تمام سٹالز کا دورہ کر کے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خریداری کیلئے آنے والے شہریوں سے بھی آگاہی حاصل کی گئی ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے تمام سٹالز پر الیکٹرانک ترازو کے ذریعے تول بھی چیک کی اور کم تولنے والے دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا ۔

گراں فروشی پر چار دکانداروں کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ ناقص پھل او ر سبزیاں فروخت کرنے والے تین دکانداروں کے سٹالز منسوخ کرکے مذکرہ پھل اور سبزیاں فوری ہٹوا دئیے گئے ۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے کئی دکانداروں کی سر زنش کرتے ہوئے انہیں وارننگ نوٹس بھی جاری کئے گئے ۔