فیصل آباد ایگریکلچر یونیورسٹی میںہندو طالبہ لاپتا، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا اظہارِ تشویش، اعلیٰ حکام سے فوری بازیابی کا مطالبہ

اتوار 6 مئی 2018 20:30

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے فیصل آباد ایگریکلچر یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہندو طالبہ بسنتی دیوی کی گمشدگی پر سخت اظہار تشویش کیا ہے، ایک جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ بسنتی دیوی دختر کرشن رام یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں ایم ایس سی (شعبہ زولوجی)میں زیرتعلیم تھی جو مورخہ 29اپریل سے لاپتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلیٰ حکام سے ہندو طالبہ کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ملک بھر کی محب وطن اقلیتوں میں احساسِ عدم تحفظ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں، ڈاکٹر رمیش نے کہا کہ ایسے واقعات کا رونماء ہونا پورے ملک و قوم کیلئے باعث ِ شرمندگی ہونا چاہیے، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بسنتی دیوی کی بازیابی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کو حرکت میں لائیں۔