کپاس کی کاشت کا ہدف ہر صورت 31 مئی تک حاصل کیا جائے گا، فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی رہنمائی کررہی ہیں،سید ظفریاب حیدر

پیر 7 مئی 2018 14:26

لاہور۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) کپاس کی کاشت کا ہدف ہر صورت میں 31 مئی تک حاصل کیا جائے گا۔ ا س سلسلہ میں محکمہ زراعت (توسیع) کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی رہنمائی کررہی ہیں۔ زرعی ٹیو ب ویلز کیلئے بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کیلئے چیف میپکو سے میٹنگ کی گئی ہے تاکہ بوائی کے دنوں میں کاشتکاروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نہری پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی ایریگیشن حکام کو خبردار کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سید محمد ظفر یاب حیدر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب نے ملتان اور لودھراں اضلاع کے دورہ کے دوران کاشتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا مستقبل کپاس کی فصل سے وابستہ ہے۔ بین الاقوامی منظرنامہ کے مطابق آئندہ کپاس کی مانگ میں اضافہ کی وجہ سے قیمتیں زیادہ رہیں گی لہٰذا کاشتکاروں کو بھی آگاہ کیا جارہا ہے کہ اپنی آمدنی میں اضافہ کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے سورج مکھی کے مختلف فیلڈز کا بھی معائنہ کیا اور کاشتکاروں سے کہا کہ وہ سورج مکھی کی بروقت ہارویسٹنگ مکمل کریں۔ کپاس کی کاشت میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں کی لاگت کاشت میں کمی کیلئے حکومت پنجاب نے زرعی مداخل پر سبسڈی جیسے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرکے کاشتکار اپنی فی ایکڑ آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں معیاری بیج، کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔