غذائی اشیا کی برآمدات میں رواں مالی سالے کے پہلے نو ماہ کے دوران 28 فیصد اضافہ ہوا، ادارہ برائے شماریات

پیر 7 مئی 2018 15:50

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) رواں مالی سال کے ابتدائی نومہینوں میں پاکستان سے غذائی اشیا کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرمارچ 2018 تک پاکستان سے غذائی اشیا کی برآمدات میں 28فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا۔مالی سال کے ابتدائی نومہینوں میں پاکستان نے اشیائے خوراک کی برآمدات سے 3.43ارب ڈالر کازرمبادلہ کمایا جوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی نومہینوں میں پاکستان سے اشیائے خوراک کی برآمدات سے 2.68ارب ڈالرکا زرمبادلہ حاصل کیا۔اعداد وشمارکے مطابق مالی سال کے ابتدائی نوماہ میں پاکستان نے چاول، چینی، گندم اورسبزیوں کی برآمدات سے بالترتیب 1.49ارب ڈالر،، 365ملین ڈالر،، 60ملین ڈالر اور173.2ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل کیا۔اسی طرف فروٹس ، مچھلی ، گوشت اورمصالحہ جات کی برآمدات سے پاکستان نے بالتریب 339.4ملین ڈالر،، 315.6ملین ڈالر،، 149ملین ڈالر اور59.3ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا۔۔