ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے 85سے زائد غیرقانونی کنکشن منقطع کردیئے

پیر 7 مئی 2018 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے 85سے زائد غیرقانونی کنکشن منقطع کردیئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمی ونکاسی آب سے متعلق شکایات کے خاتمہ کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات جاری ہیں ,سماج دشمن عناصر کی جانب سیوریج لائنوںمیں پھنسائی گئی اینٹیں او ربھاری پتھر نکال دیئے گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے ایگزیکٹیو انجینئر گھارو لعل محمد سموں ، ایگزیکٹیوانجینئر ہالیجی ڈویژن سول محمدعلی پلیجو ،سب انجینئر محمد سعید نے دیگر عملے کے ساتھ گھارو سٹی اور گھاروپمپنگ اسٹیشن کے درمیان کھیتی باڑی اور تجارتی مقصد کیلئے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی دو رائزنگ مین لائنوں سے غیرقانونی طورپر لئے گئے 85سے زائد غیرقانونی کنکشن منقطع کردیئے ہیں ،ان کنکشنوں کے ذریعے کراچی کو فراہم کئے جانیوالے پانی کی بڑی مقدار چوری کی جارہی تھی ،علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں واٹربورڈ کے عملے نے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کے خاتمہ کیلئے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،گزشتہ روز پاپوش نگر کمرشل ایریا میں واٹربورڈ کے عملے نے تمام سیوریج لائنوں کی وینچنگ مشینوں کی مدد سے صفائی مکمل کرلی اور سیوریج اوورفلو کا خاتمہ کردیا گیا ،قائد آباد ڈی سی آفس کے قریب 8 انچ قطر کی پانی کی لائن کے لیکیج کا خاتمہ کیا گیا ،اس اقدام سے قریبی علاقوں میں پانی کی فراہمی میں بہتری آگئی ہے ،بلوچ کالونی قصبہ پمپنگ اسٹیشن کے قریب واٹربورڈ کی 66 انچ قطر کی پی آر سی سی پائپ لائن کی مرمت کردی گئی مذکورہ لائن سے لیکیجز کی وجہ سے مختلف مقامات پرپانی رس رہا تھاجس کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ اورنگی ٹاؤن میں 6 انچ قطر کا والوو نصب کرکے پانی کی فراہمی بحال کی گئی ، شیریں جناح کالونی سیوریج پمپنگ اسٹیشن میں بوسیدہ ہونے والی 18انچ قطر کی پائپ لائن تبدیل کی گئی، بفر زون میں علاقہ مکینوں کے مطالبہ پر 12 انچ قطر کی پائپ لائن تبدیل کی گئی ،کورنگی یوسی 34 ایس ایریا میں 12 انچ قطر کی پائپ لائن کی صفائی کی گئی،عوامی کالونی لانڈھی میں 15 قطر کی سیوریج لائن کی صفائی کرکے اسے کھول دیا گیا،جعفر طیار سوسائٹی میں سماج دشمن عناصر کی جانب سے بھاری اینٹوں و پتھروں کی مدد سے سیوریج لائنوں کو اینٹوں سے بند کیا گیا تھا اس سبب علاقہ میں نکاسی آب کا نظام بری طرح مفلوج ہوکر رہ گیا تھا ، واٹربورڈ کے عملے نے علاقہ سپرنٹنڈنگ انجینئر کی نگرانی میں طویل جدوجہد کے بعد مذکورہ لائن سے اینٹیں اور بھاری پتھر نکال کر سیوریج کے پانی کے نکاسی رواں کردی ہے ،صدر کے تاجروں کی جانب سے کی گئی نشاندہی پر اکبر روڈ صدر کی لائنوں کو بھاری مشینری کی مدد سے صاف کرکے سیوریج اوورفلو کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ جمال الدین افغانی روڈ گلشن اقبال نزد پی ٹی وی کے قریب 24 قطر کی پائپ لائن کے لیکیجز کا خاتمہ کردیا گیا،اس سبب کچھ عرصہ سے مذکورہ مقام پر نکاسی آب کا مسئلہ حل ہوچکا ہے ۔