رمضان المبارک کی آمد، ایبٹ آباد میں منافع خور اور ذخیرہ اندوز میدان میں کود پڑے

کھجور، لیموں، مرغی کے گوشت، بیسن، دالوں، سبزیوں اور پھلوں کی قیمت میں اضافہ

پیر 7 مئی 2018 23:13

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی منافع خور اور ذخیرہ اندوز میدان میں آ گئے، مارکیٹوں اور بازاروں میں کھجور، لیموں، مرغی کا گوشت، بیسن، دالیں، سبزیاں اور پھلوں کی قیمتوں نے آسمان سے باتیں کرنا شروع کر دیں، گھی و آئل کی قیمتوں میں تقریباً 15 سے 20 روپے تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دالیں، بیسن و دیگر اشیاء کا سٹاک بھی یوٹیلٹی سٹورز پر موجود نہیں جس کے باعث شہریوں کو اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں چیزیں خریدنا پڑ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان المبارک سے قبل ہی ان سٹوروں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اس سیزن میں سستے داموں اشیاء مل سکیں۔ ذخیرہ اندوزوں کے سرگرم ہونے کے باعث سرخ مرچ، دالیں، بیسن، چینی اور اسی طرح کے دیگر مصالحہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح رمضان المبارک میں پکوڑے وغیرہ تیار کرنے کیلئے بیسن میں ناقص دالیں پس کر مارکیٹ میں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ کھجور کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مشروبات کی بوتلیں بھی پچاس روپے تک مہنگی کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے قائم کی جانے والی پرائس کنٹرول کمیٹیاں اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرتی نظر نہیں آ رہیں، اس طرح مین بازاروں اور مارکیٹوں میں مرغی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سوموار کو مرغی کی قیمت 195 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ قصابوں نے بکرے اور گائے کے گوشت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ریٹ کے مطابق بکرا کا مقرر کردہ ریٹ 550 روپے اور گائے کا 300 روپے مقرر کیا گیا ہے مگر بازاروں اور مارکیٹوں میں اس ریٹ پر کہیں بھی یہ گوشت دستیاب نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :