شہباز شریف منگل کی سہ پہر 4بجے ہالا کے قریب بھانوٹ پہنچیں گے‘ جمال عارف سہروردی

پیر 7 مئی 2018 23:24

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی کونسل کے رُکن جمال عارف سہروردی نے بتایا ہے کہ شہباز شریف منگل کی سہ پہر 4بجے ہالا کے قریب بھانوٹ پہنچیں گے جہاں وہ مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ کی جانب سے منعقدہ ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے۔ کنونشن کی تیاریاں حتمی مراحل پر پہنچ گئی ہیں‘ پورے بھانوٹ اور اس کے اطراف میں مسلم لیگ(ن) کے جھنڈے اور قد آوور پینافلیکس آویزاں کئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ایک بہت بڑا 20فٹ کا اسٹیج بنایا گیاہے جہاں وہ کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ شہباز شریف مسلم لیگ(ن) کے صدر کا عہدہ لینے کے بعد پہلی مرتبہ اندرون سندھ کے دورے پر آرہے ہیں۔ شہباز شریف کی آمد کے سلسلے میں بھانوٹ میں ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے جہاں وہ اُتریں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جمال عارف سہروردی نے کہاکہ شہباز شریف کی آمد کے سلسلے میں مسلم لیگ(ن) کے جھنڈے اور پینافلیکس آویزاں کئے جارہے ہیں، کارکنوں میں جوش وخروش پایا جاتا ہے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف پہلی مسلم لیگ ن کی صدارت ملنے کے بعد پہلی بار بھانوٹ پہنچیں گے۔

حیدرآباد کے تاجر، صنعتکار، سیاسی لیڈران سب اس بات پر متفق ہیں کہ اگر ترقیاتی کام کرانے ہیں تومسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیاب کرانا ہوگا، شہر کی اہم شخصیات مسلم لیگ کی قیادت سے رابطے میں ہیں۔