کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس

اجلاس کا رمضان المبارک کے دوران چینی کے وافر ذخیرہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار

منگل 8 مئی 2018 14:03

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران چینی کے وافر ذخیرہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ای سی سی نے رمضان المبارک کے دوران چینی کی دستیابی کے بارے میں وزارت تجارت کی رپورٹ پر غور کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں ماہانہ 0.433 ملین میٹرک ٹن مصرف کے حساب سے 4.35 ملین میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجودہے۔ ای سی سی نے رمضان المبارک کے دوران چینی کے وافر ذخیرہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ای سی سی نے رعائتی درآمد شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے صارفین کو سہولت کی فراہمی کے لئے قیمت میں فرق کے دعوئوں (پی ڈی سیز) کے خلاف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو گزشتہ برسوں کے دوران ادا شدہ 7.34 ارب روپے کی رقم کی موثر بہ ماضی منظوری دی، ان کلیمز کی مناسب تصدیق اور آڈٹ کیا چکا ہے۔