سوشل میڈیا پر اسپتال میں ٹھمکوں کی ویڈیو وائرل

اسپتال میں ڈانس پارٹی کا اہتمام کسی اور نے نہیں خود محکمہ صحت نے کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مئی 2018 12:32

سوشل میڈیا پر اسپتال میں ٹھمکوں کی ویڈیو وائرل
میرانشاہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مئی 2018ء) : میرانشاہ کے ایجنسی ہیڈ کوارٹر میں ڈانس پارٹی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میرانشاہ کے ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں رات گئے ڈانس پارٹی چلتی رہی جبکہ اسپتال میں پڑے مریض تکلیف سے کراہتے رہے ۔ اس پارٹی کا انعقاد کسی اور نے نہیں بلکہ خود محکمہ صحت کی انتطامیہ نے کیا جس پر انہیں خاصی تنقید کا سامنا ہے۔

اسپتال میں خاموشی کی بجائے رات بھر ناچ گانے نے مریضوں کو بھی خوب تنگ کیا جبکہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ رات بھر موج مستی میں مگن رہا۔ مقامی لوگوں نے گورنر اور کور کمانڈر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور فوری طور پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے کئی اسپتالوں میں انوکھے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جن میں ایک ہی بیڈ پر دو ، تین مریضوں کا لیٹنا ، موسم سرما میں اسپتال کے فرش پر لیٹے مریض، اسپتال کے باہر بچوں کی پیدائش اور ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث مریضوں کی اموات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان سب واقعات سے محکمہ صحت کی خرابی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ملتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی میرانشاہ کے ایجنسی ہیڈکوارٹر اسپتال کی اس ویڈیو پر جہاں صارفین نے تشویش کا اظہار کیا وہیں انہوں نے محکمہ صحت کو بھی خاصی تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہی اگر اس طرح کی سرگرمیوں میں شامل ہو جائے گا تو پھر اسپتالوں میں بیمار پڑے مریضوں کا علاج کیونکر ممکن ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومتی عہدیداران کو ایسے لوگوں اور انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئیے تاکہ مریضوں کے بروقت علاج اور ان کے آرام کو یقینی بنایا جائے۔