وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی تفتیشی رپورٹ مکمل

حملے کا منصوبہ کب اور کہاں بنایا؟ کس کے بیان سے متاثر ہوا؟ ملزم نے سب بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 9 مئی 2018 12:48

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی تفتیشی رپورٹ مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 مئی 2018ء) : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں گرفتار ملزم عابد سے تفتیش مکمل ہو گئی ۔ پولیس کی جانب سے مرتب کی گئی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم نے پاکستان تحرک لبیک کے فیض آباد دھرنے میں احسن اقبال کو قتل کرنے کا ارادہ کیا۔ ارادہ کرنے کے بعد ملزم نے ڈائری میں بھی درج کیا۔ تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیاکہ ملزم نے ڈائری 3 سے 4 ماہ قبل جامعہ غوثیہ رضویہ کے ٹیچر کو دی، ٹیچر کو ڈائری دے کر کہا کہ شاہد رفیق کو پہنچا دینا۔

4 مئی کو گلفام مسیح نے وٹس ایپ پر پیغام دیا کہ کارنر میٹنگ ہے اور اس میٹنگ میں احسن اقبال بھی آئیں گے ۔ ملزم بار بار احسن اقبال کی آمد کا پوچھتا رہا۔ گلفام میسح نے اس بات پر ملزم عابد سے کہا کہ تمہارا کوئی جوتا پروگرام تو نہیں۔

(جاری ہے)

ملزم عابد اپنے دوست کی موٹر سائیکل پر کارنر میٹنگ میں پہنچا اور لوگوں کے درمیان جا کر بیٹھ گیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال خطاب کر کے اسٹیج سے اُترے تو ملزم نے فائرنگ کر دی۔

اپنے اعترافی بیان میں ملزم عابد نے اپنے جُرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ داتا علی ہجویری نے مجھے احسن اقبال کو مارنے کا کہا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جلسے کے وقت کوئی پولیس ملازم موجود نہیں تھا۔ کارنر میٹنگ میں آنے کے لیے کوئی تلاشی بھی نہیں لی جا رہی تھی۔ ملزم نے کاشف نامی شخص سے 15 ہزار روپے کے عوض پستول خریدا جس سے احسن اقبال کو نشانہ بنایا۔

ملزم نے پولیس کو اعترافی بیان میں کہا کہ میں خادم حسین اور اشرف آصف جلالی کے بیانات سے متاثر ہوں۔ خیال رہے کہ پولیس کو دئے اپنے اعترافی بیان میں ملزم عابد نے کہا کہ میں اپنے دوست عظیم کے ساتھ اس کی موٹر سائیکل پر کارنر میٹنگ میں پہنچا، ساتھی عظیم کوحملے کے حوالے سے معلوم نہیں تھا۔ ملزم نے کہا کہ مجھے داتا علی ہجویری نے احسن اقبال کو مارنے کا کہا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ میں نے فیض آباد دھرنے میں ہی فیصلہ کیا کہ جو بھی گستاخ رسولﷺ ہو گا اُسے جہنم واصل کر دوں گا۔ عابد نے پولیس کو بتایا کہ میری والدہ کچھ مذہبی رہنماؤں کی کیسٹ سنتی ہیں، میری والدہ نے مجھے کہا تھا کہ بیٹا ان کے نقش قدم پر زندگی بسر کرنا، عابد نے کہا کہ مجھے خواب میں حضرت داتا علی ہجویری کی زیارت بھی ہوئی۔ وہ خادم حسین رضوی کو اُٹھائے ہوئے جا رہے تھے ، میں نے پوچھا کہ جناب آپ نے ان کو کیوں اُٹھایا ہوا ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ یہ نبی پاک ﷺ کا بہت منظور نظر تھا۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر اتوار کے روز قاتلانہ حملہ ہوا جس میں احسن اقبال زخمی ہوئے لیکن ان کی جان بچ گئی۔