توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے ‘شہباز اسلم

بدھ 9 مئی 2018 14:39

توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ اس منصوبہ کے تحت ایران نے پاکستانی سرحد تک گیس کی پائپ لائن کی تنصیب مکمل کرلی ہے صرف پاکستان کے حصہ کا کام باقی ہے جس کے تحت ملک بھر میں گیس کی سپلائی کیلئے پائپ لائن کی تعمیر مکمل کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فائونڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کی سرحدیں ساتھ ساتھ ملتی ہیں ۔ایران سے سوئی گیس کا حصول آسان ذریعہ ہے جس سے ملکی توانائی کی ضروریات پوری ہونگی اور وافر گیس کو پرائیویٹ پاور پلانٹ میں استعمال میں لاکر سستی بجلی کا حصول ممکن ہے۔

(جاری ہے)

شہباز اسلم نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہونے سے صنعتوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا جس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور حکومت کا پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنان کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا اس لیے تاپی گیس منصوبہ کے ساتھ ساتھ پاک ایران گیس معاہدہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ پاک ایران گیس معاہدہ کے ساتھ ساتھ دونوںملکوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری سے تجارتی تعاون کو فروغ ملے گا اور ملکی انڈسٹری بھی ترقی کرے گی۔