رمضان بازاروں میں خواتین کیلئے علیحدہ سٹالز کی جگہ مختص کرنے کاخیرمقدم

بدھ 9 مئی 2018 15:31

رمضان بازاروں میں خواتین کیلئے علیحدہ سٹالز کی جگہ مختص کرنے کاخیرمقدم
ملتان۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے رمضان بازاروں میں سبزیوں ،پھلوں اور اشیائے خوردونوش کے سٹالز کی علیحدہ جگہ مختص کرنے کاخیرمقدم کیاہے اورکہاہے کہ اس فیصلے سے خواتین میں تحفظ کااحساس پیدا ہوگا اور وہ بلاجھجھک ان بازاروں میں فراہم کی گئی سہولتوں سے استفادہ کرسکیں گی‘ان خیالات کااظہار مسلم لیگی رہنمائوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران کیا‘مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنماء عذرا واجد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ اپنے دور میں اقتدار میں نہ صرف خواتین کوترقی کے مواقع فراہم کئے بلکہ انہیں سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بھی کئے‘رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خواتین کیلئے اشیائے ضرورت کی خریداری کیلئے علیحدہ سٹالز لگانا اس بات کوواضح کرتا ہے‘حکومت خواتین کومعاشرے میں شناخت دینے کے ساتھ ساتھ انہیں بااختیار بھی بنانا چاہتاہے‘سماجی رہنماء زہرہ سجاد زیدی نے کہاکہ خواتین کیلئے رمضان بازار میں الگ سٹالز لگانے کا اقدام خوش آئندہے ‘خواتین کوبااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں دیگر شعبوں میں سہولیات دینا ریاست کی اہم خوبی ہے‘اگر حکومت اسی طرح خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرتی رہی تو بہت جلد پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا‘سماجی رہنماء صائمہ خان نے کہاکہ رمضان بازار کے علاوہ بھی خصوصی بازار کاانعقاد کیاجانا چاہیے جہاں صرف خواتین ہی خریداری کرسکیں‘گھریلو خواتین حنا صدیق اور مہک بٹ نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خصوصی طورپر خواتین کیلئے علیحدہ سٹالز لگانے سے خواتین کو خریداری میں آسانی ہوگی‘باپردہ خواتین بلاخوف ایک ہی جگہ سے اشیاء خریدسکیں گی۔