مخالفین سے گلگت بلتستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے،حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 10 مئی 2018 14:37

مخالفین سے گلگت بلتستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے،حافظ حفیظ الرحمن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حق ملکیت اور حکومت پر تنقید کرنے والوں کو جب اقتدار ملتا ہے تو کرپشن، اقرباء پروری اور ملازمتیں فروخت کرنے میں مصروف ہوتے ہیںجن لوگوں نے قومی خزانے سے 40کروڑ کی کرپشن کی ہو جو ان پر ثابت بھی ہوا ہو وہ بھی اخبارات میں کرپشن کے بارے میں بیانات دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے چنار باغ فیملی پارک کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ مخالفین سے گلگت بلتستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے۔انہوںنے کہا کہ بعض افراد کو گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور مسلم لیگ ن کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل سے تکلیف ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ہم شکر گزار ہیں اپنے قائد محمدنواز شریف کے جنہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کا بجٹ 27ارب تک پہنچ گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس 1ارب تک کے منصوبوں کی منظوری کا اختیار مل گیا ہے،مسلم لیگ( نٌ کی عوامی حکومت نے مختصر مدت میں تمام شعبوں پر توجہ دی ہے جس کی وجہ سے تمام اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ادارے بہتر انداز میں اپنا کام کررہے ہیں۔ مالی وسائل کے حوالے سے درپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا گیا ہے،صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

کئی سالوں سے نامکمل منصوبے مکمل کرائے گئے ہیں اور میگا منصوبے مقررہ مدت سے قبل مکمل ہورہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں میگا ایونٹس کرائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے اقتدار میں آنے کے بعد گلگت بلتستان کی ثقافت کو بحال رکھنے کے حوالے سے ٹوپی شانٹی ڈے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹوپی سے منسلک صنعت کو فروغ ملا اور دنیا بھر میں گلگت بلتستان کا ثقافت اجاگر ہوا۔

ٹوپی اور شانٹی ہماری ثقافت اور وحدت کی علامت ہے آج (جمعہ) سے سے ٹور دی خنجراب ریلی کا آغاز ہورہاہے ٹوردی خنجراب سائیکل ریلی کا مقصد مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور عوام میں ماحول کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی کو اجاگر کرنا ہے۔