سیاست دانوں کی کمزوریوں سے خلائی مخلوق فائدہ اٹھاتی ہے- کیپٹن صفدر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 مئی 2018 15:11

سیاست دانوں کی کمزوریوں سے خلائی مخلوق فائدہ اٹھاتی ہے- کیپٹن صفدر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 مئی۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے کہاہے کہ ہماری کمزوریوں سے خلائی مخلوق فائدہ اٹھاتی ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے مل کرپاکستان چلانا ہے ، نظام سے خلائی مخلوق کو باہر نکالیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ( ن) کے راہنما کیپٹن (ر) صفدر نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وقت نہیں دیا جاتا کہ نظام کو ٹھیک کریں، میری تقریر سے دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت ہے۔

کیپٹن(ر)صفدر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے بڑی جرات کے ساتھ بات کی، بے نظیربھٹو جمہوریت کی راہ پر تھیں، پیپلزپارٹی کو بھی نہیں پتہ بی بی کے قاتل کون ہیں۔نواز شریف کے داماد نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا مقصد تھا بیٹھ کرجمہوریت کی بات کریں، ایوان کو طاقت دینے کیلئے قانون لانا پڑے گا، اب ووٹ کوعزت دو کا انتخاب ہے۔

(جاری ہے)

خلائی مخلوق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کمزوریوں سے خلائی مخلوق فائدہ اٹھاتی ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے مل کرپاکستان چلانا ہے، پرویز مشرف کوعدالتوں کاسامنا کرنا چاہیے، نظام سے خلائی مخلوق کو باہر نکالیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل کیپٹن (ر) صفدر کا احتساب عدالت میں پیشی کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ مارشل لاءکی بات کرنے والوں کو پہلے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، شیخ رشید ووٹ سے کئی بار نااہل ہوچکے ہیں مگر امپائر کھڑا کردیتا ہے۔نواز شریف کے داماد کاکہنا تھا کہ یہ ملک سیاستدانوں نے بنایا، انہیں سیاست کرنے دی جائے، بظاہرحکومت کے پس پردہ بھی کچھ اور لوگ ہوتے ہیں، بظاہر ایک حکومت چل رہی ہے مگرحکم اوپرسے ہی آرہے ہیں، حکومت ہی نہیں ریاست پربھی حکم اوپرسے آرہے ہیں۔