باکسر عامر خان نے پاکستان میں باکسنگ لیگ کرانے کا بیڑا اٹھا لیا

پاکستان میں رواں سال سپر باکسنگ لیگ لا رہا ہوں اور اس کو اگلی نسل کے باکسرز کو دکھائیں گے،پاکستانی نژاد برطانوی باکسر

جمعرات 10 مئی 2018 16:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی باکسنگ متعارف کرانے کے دوسال بعد لیگ کی بنیاد پر باکسنگ کو پاکستان لانے کا اعلان کردیا۔عامر خان نے ایک ویڈیو میں کہا کہ میں پاکستان میں رواں سال سپر باکسنگ لیگ لا رہا ہوں اور اس کو اگلی نسل کے باکسرز کو دکھائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک مہینہ طویل ٹورنامنٹ ہوگا جو واقعی میں شاندار ہوگا اور یہاں پر پاکستانی ٹیلنٹ کو دیکھنے کے لیے پرعزم ہوں۔عالمی شہرت یافتہ باکسرکا کہنا تھا کہ یہ یاد گار لمحہ ہوگا، مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن کسی نے اس کی نشان دہی نہیں کی اور امید ہے کہ 2018 پاکستانی باکسرز کے لیے ایک بڑا سال ہوگا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ عامر خان نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں کینیڈا کے باکسر فل لو گریشو کو مقابلے شروع ہونے کے 39 سیکنڈ بعد ناک آوٹ شکست سے دوچار کیا تھا۔

انھوں نے سپرلیگ کے حوالے سے مزید بتایا کہ یہ باکسنگ لیگ بھی کرکٹ کی پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سے مختلف نہیں ہوگی۔عامر خان نے ویڈیو میں کہا کہ میں نے ٹیموں کے نام بھی تجویز کیے ہیں جن میں اسلام آباد کنگز، لاہور جائنٹس، کراچی ڈیولز، فیصل آباد فالکنز، ملتان تھنڈرز، پشاور ویرئرز اور کوئٹہ اسٹارز شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم میں 6 باکسرز ہوں گے جن میں سے 5 مرد اورایک خاتون باکسر ہوں گی۔خیال رہے کہ بھارت میں سپرباکسنگ لیگ پہلے ہی فعال ہے اور اس کا پہلا سیزن گزشتہ برس منعقد ہوا تھا۔ عامر خان مذکورہ لیگ کے شریک بانی ہونے کے علاوہ بھارتی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم ای) پروڈکشن کے ساتھ سپرفائٹ لیگ کے شریک مالک بھی ہیں۔۔