پنجاب کے ہر ضلع کی انتظامیہ ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر تمام حفاظتی انتظامات بروقت مکمل کرلے‘ملک ندیم کامران

کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہم سب کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہے ،ڈپٹی کمشنرز متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں رہیں،کسی بھی مسئلے کے حوالے سے کیبنٹ کمیٹی کو آگاہ کرتے رہیں ‘صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کا کیبنٹ کمیٹی برائے سیلاب سے خطاب

جمعرات 10 مئی 2018 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے سیلاب ملک ندیم کامران کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پنجاب میںکیبنٹ کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ عہدیدارن ویڈیو لنک پر موجود تھے۔

اجلاس کا مقصد مون سون سے قبل سیلاب کے متوقع خطرات کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ ملک ندیم کامران نے اس موقع پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زکو ہدایت کی کہ وہ مون سون سے قبل ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر تمام حفاظتی انتظامات بروقت مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہم سب کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں رہیںاورکسی بھی مسئلے کے حوالے سے کیبنٹ کمیٹی کو آگاہ کرتے رہیں ۔تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد اسلم کمبوہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب یا تیز بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال میں تمام متعلقہ لوکل گورنمنٹ کے افسران متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کی صوابدید پر ہونگے اور کسی بھی طرح کی مشینری یا آلات کی ضرورت پڑنے پرضلعی انتظامیہ کو بروقت مہیا کریں گے اور ان کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پلوں کے نیچے ہر قسم کی تجاوزات کو ختم کرنے کی یقین دہانی کی جائے۔محکمہ آبپاشی کے ترجمان نے اس موقع پر کیبنٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ وہ جلد از جلد پانی کی گزرگاہوں، بندوں اور پُلیوں کی کلئیرنس حاصل کریںتاکہ پیش آنے والی مشکلات سے نمٹا جاسکے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے کارروائی کی جارہی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مدثر وحید ملک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ ممکنہ سیلاب سے پہلے اپنے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل رکھیں اوراس سلسلے میںبیشتر اضلا ع میںسیلاب جیسی کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نپٹنے کیلئے فرضی مشقیں بھی ہو چکی ہیں۔ اس موقع پر محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مون سون سے قبل سیلاب کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا تاہم آئندہ چند دنوں میں پنجاب کے چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کے امکانات موجود ہیں ۔

متعلقہ عنوان :