پشاور، چارسدہ کے دس مختلف دیہاتوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سینکڑوں افراد کو تربیت دی جبکہ کمیٹیاں بھی تشکیل دیدیں

پختونخوا رورل سپورٹ پروگرام نے یو ایس ایڈ سمال گرانٹس ایمبیسیڈر فنڈز پروگرام کے تعاون سے دو سو مرد اور خواتین کو تربیت دی گئی

جمعرات 10 مئی 2018 22:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پختونخوا رورل سپورٹ پروگرام نے یو ایس ایڈ سمال گرانٹس ایمبیسیڈر فنڈز پروگرام کے تعاون سے چارسدہ کے دس مختلف دیہاتوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سینکڑوں افراد کو تربیت دی جبکہ کمیٹیاں بھی تشکیل دیدیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پی آر ایس پی کے پراجیکٹ منیجر سلمان خٹک نے میڈیا کو بتایاکہ یو ایس ایڈ سمال گرانٹس ایمبیسیڈر فنڈز پروگرام کی مدد سے چارسدہ کے ایم سی ون کے دس دیہاتوں میں سیلاب اور زلزلہ سمیت دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے دو سو مرد اور خواتین کو تربیت دی گئی ، خواتین پر مشتمل دس اورمردوں پر مشتمل دس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس کا مقصد قدرتی آفات میں ہونیوالے جانی اور مالی نقصان میں کمی لانے کیلئے ان لوگوں کو تیار کرنا ہے ، تربیت میں ان کو یہ بھی سکھایا گیا کہ کس طرح آفات میں منصوبہ بندی کرنا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ان دیہاتوں میں کمیٹیوں کوایمرجنسی ریسپانس کٹس بھی فراہم کئے جائینگے ۔تربیت لینے والے افراد نے کہاکہ انہوں نے قدرتی آفات میں خطرات اور نقصانات کم کرانے کے بارے میں بہت کچھ لیا اور ان صلاحیتوں کو بوقت ضرورت کام لائینگے ۔