وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا قیام بچوں اور خواتین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے معاون ثابت ہوگا

اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید کا صوبے میں مائوں اور نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں اضافے پرافسوس کا اظہار

جمعرات 10 مئی 2018 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے بلوچستان میں مائوں اور نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں خطرناک حد تک اضافہ افسوس وندامت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسطی علاقے منصفی روڈ پر وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا قیام عوام اور خاص کر بچوں اور خواتین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے معاون ثابت ہوگی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصفی روڈ پر3کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں خواتین کے مسائل کے حل کیلئے بہت کچھ کرناہے ،نوتعمیر شدہ ہسپتال پر 3کروڑ روپے لاگت آئی ہے امید کرتے ہیں کہ ہسپتال کے قیام سے خواتین ،بچوں اور عوام کو صحت کی سہولیات میسر آئیںگی ،انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح ٹی بی ہسپتال پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی جس کے خلاف ہم عدالت گئے اور ہمیں کامیابی ملی انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں جن سہولیات کا فقدان ہے انہیں بھی فوری طورپر پورا کردیاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبے میں نوزائیدہ بچوں اور مائوں کی شرح اموات میں بہت زیادہ اضافہ باعث شرمندگی ہے ۔ہمیں امید ہے کہ نئے ہسپتال سے صورتحال میں کسی حد تک بہتری آئے گی ۔