پشاور، پولیس کا گرینڈآپریشن، اشتہاریوں سمیت 105 ملزمان گرفتار،بڑی مقدار میں اسلحہ و منشیات برآمد

جمعرات 10 مئی 2018 23:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے قتل، اقدام قتل ،ڈکیتی ،راہزنی ،منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف گرینڈ آپریشن کر تے ہوئے 5 اشتہاری مجرمان سمیت 105 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ،30 عد د پستو ل اورایک رپیٹر سمیت بھاری مقدار میں منشیات او ر شراب برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی اوپشاور قاضی جمیل الرحمن کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کی نگرانی میں صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کوبر قرا ر رکھنے کی خاطرشہر کے مختلف مقامات پر ڈویژنل ایس پیز کی قیادت میںخصوصی سرچ آپریشن کرتے ہوئے قتل ،اقدام قتل ،ڈکیتی ،راہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث اشتہاری مجرمان کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے کارروائیاں کیں ، جس کے دوران تھانہ بڈھ بیراور تھانہ متھرا کے حدود میں 5 اشتہاری ملزمان مسمیان مستان علی عرف ڈبنگ ولد سیدان شاہ سکنہ سلمان خیل، خان محمد ولد شاد محمد سکنہ ٹیلہ بند روڈ بڈھ بیر، امداد عرف ملنگ ولد معاذ ،عابد ولد معاز اورکاشف ولد امداد سمیت متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر انکے قبضہ سے 8کلو گرام چرس بر آمد کرکے حوالات منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری اہم کارروائیوں کے دوران 105 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر انکے قبضے سے ایک عدد ہینڈ گرنیڈ،30 عد د پستول،ایک رپیٹر ،سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس برآمد کرنے کے علاوہ60 غیر رجسٹرڈ کرایہ داروںکو بھی گرفتار کر کے انکے خلاف مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج کر لئے گئے ۔