ڈپٹی کمشنر قصور کی زیر صدارت اجلاس،سستے رمضان بازاروں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 11 مئی 2018 11:10

قصور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کی زیر صدارت حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان المبارک میں لگائے جانیوالے سستے رمضان بازاروں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو سستے رمضان بازاروں کے حوالے سے اب تک کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 12سستے رمضان بازار اور56 فیئر پرائس شاپس لگائی جائیںگی جہاں پر شہریوں کو اشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی دی جائے گی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لئے متعلقہ افسران اپنے فرائض جذبہ خدمت کے تحت ادا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سبسڈی کا براہ راست فائدہ عوام الناس کو ہو۔

(جاری ہے)

اسی طرح انہوں نے سستے رمضان بازاروں میں عوام الناس کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام بازاروں میں بھی اشیائے خوردونوش کے ضلعی حکومت کے مقرر کر دہ ریٹ پر فروخت کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا ۔اجلاس کو ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ سستے رمضان بازاروں میں 17اشیاء پر خصوصی سبسڈی دی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک میں روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں کا دورہ کرکے بولی کے عمل کا خود جائزہ لیں گے تا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے ۔