پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کا کریڈٹ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو جاتا ہے ، میاں ریا ض حسین پیرزادہ

جمعہ 11 مئی 2018 13:50

اسلام آباد۔ 11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کا کریڈٹ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو جاتا ہے‘ میاں نواز شریف اگر دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر نہ ہوتے تو آج حالات بہتر نہ ہوتے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر میاں رضا حسین پیرزادہ نے کہا کہ سی سی آئی نے اتفاق رائے سے پہلے بھی اور اب بھی واٹر پالیسی مرتب کی۔

فضلے اور انڈسٹریل ویسٹ کے حوالے سے صوبوں کو ہم نے بار بار خطوط لکھے کہ انسانوں اور جانوروں پر اس کے مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تمام وزراء اعلیٰ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس معاملے کو واٹر پالیسی سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا کے کئی ممالک سمندر کا پانی صاف کرکے پینے کے لئے فراہم کر رہے ہیں۔ ہم نے بھی صوبوں کو اس حوالے سے لکھا ہے۔

دنیا کے کئی ممالک باہر سے کوڑا امپورٹ کرکے انرجی پیدا کر رہے ہیں۔ دیہاتوں میں بھی گندے پانی کو صاف کرنے کے پلانٹ لگائے جائیں یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی غربت زدہ علاقوں میں پھیلتی ہے۔ بجٹ میں ان عوامل کا خیال رکھنا ہوگا۔ کپاس سمیت دیگر فصلوں کو سنڈیوں سے بچانے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اگر دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر نہ ہوتے تو آج حالات بہتر نہ ہوتے۔

اس کا تمام کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبوں کو آبادی میں اضافے کے حوالے سے بھی لکھا ہے کہ وہ صحت کی پالیسی کے ساتھ آبادی کے معاملے کو بھی منسلک کریں۔ صوبوں کو آبادی کنٹرول کرنے کا موثر منصوبہ دینا چاہیے۔ ’’پاپویشن بلاسٹ‘‘ کو روکنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ میں نے ہمیشہ اصولوں کا ساتھ دیا ہے۔ عزت کے ساتھ قبر میں جانا چاہتا ہوں۔