اے این پی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے، اسفند یار ولی

معصوم انسانی جانوںکے ذریعے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے تعلق نہیں ہے

جمعہ مئی 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے اور مستحکم ملک و جمہوری استحکام کیلئے کبھی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا،12مئی 2007ء کوکراچی سانحے کے حوالے سے اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں پارٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ 12مئی کونہتے کارکنوں کی جانیں لینے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے تھے تاہم افسوس کا مقام ہے کہ آج تک ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ تاریخ کے اس سیاہ دن پر اے این پی کے جن کارکنوں نے قربانی دی ان جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوںکے ذریعے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے تعلق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر اٹھ کھڑی ہو تا کہ آنے والی نسلوں کوایک مضبوط اور مستحکم ملک منتقل کیا جا سکے ، ا نہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کی قربانیاںکسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ خطے میں امن کی بحالی کیلئے اے این پی کے عظیم رہنماؤں ، ایم پی ایز اور کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے بغیر کوئی نظام نہیں چل سکتا اور ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ماضی میں بھی کبھی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا اور نہ ہی مستقبل میں کبھی ایسا کرینگے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کبھی رائیگاں نہیں جائینگی انہوں نے کہا کہ ہم ان قوتوں کو باور کرانا چاہتے ہیں جنہوں نے 12مئی کے سانحے میں قاتلوں کا ساتھ دیا وہ کبھی عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے ۔