امریکہ کے صدرٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان

کر کے اپنی اسلام دشمنی کا اظہار کیا ہے،ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

ہفتہ 12 مئی 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) ملی یکجہتی کونسل اور نظام مصطفیٰ محاذ کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدرٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوھری معاہدہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر کے اپنی اسلام دشمنی کا اظہار کیا ہے اور اپنی صدارتی مہم میں اس نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جن عزائم کا اظہار کیا تھاان اقدامات سے اس نے اپنے ان مذموم عزائم کی تکمیل کاآغاز کردیا ہے وہ اسلام دشمنی میں اس حد تک آگے چلا گیاہے کہ اس کو اس معاہدہ میں شریک فرانس ،برطانیہ،جرمنی کی نہ تنقید کی پرواہ ہے اور نہ ہی اس کو یورپی یونین کی طرف سے دوسرے ممالک کو اس معاہدہ پر عمل جاری رکھنے کے اعلان کی پرواہ ہے انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستان کے کولیشن فنڈ نصف کرنے کی تجویز اور پاکستان کو مسلسل دھمکیاں بھی ٹرمپ کی اسی اسلام دشمن پالیسی کا ایک حصہ ہے اس کے علاوہ دیگر مسلم ممالک کے خلاف بھی اس کے اقدامات منظر عام پر آچکے ہیں اس لئے اب ضروری ہو گیا ہے کہ حکومت پاکستان اس سلسلہ میں اپنے مضبوط موقف کا اعلان کرے اورفوری طور پراسلامی سربراہی کانفرنس طلب کر ے تاکہ تمام اسلامی ممالک امریکہ کی اس اسلام دشمن پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کوئی متفقہ لائحہ عمل طے کرسکیں ورنہ ایک ایک کر کے تمام اسلامی ممالک امریکہ کی اس دھشت گردی کا شکار ہوتے چلے جائیں گے۔