چکوال، نواز شریف کا بیان، راجہ یاسر سرفراز سے ملاقاتیوں کا تانتا بندھ گیا

کئی اہم شخصیات کا آ مدہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کااعلان

اتوار 13 مئی 2018 19:30

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملے بارے انٹر ویو کے بعد کوٹ سرفراز چکوال میں راجہ یاسر سرفراز سے ملاقات کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ کئی اہم شخصیات نے راجہ یاسر سرفراز سے ملاقات کرتے ہوئے آنے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کااعلان کیا ہے۔ معلوم ہو اہے کہ تحصیل تلہ گنگ سے ایک اہم سابق پارلیمنٹرین نے بھی اتوار کے روز راجہ یاسر سرفراز سے ملاقات کی اور آنے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی حمایت کا عندیہ دے دیا۔

(جاری ہے)

راجہ یاسر سرفراز کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ہے آئندہ چند روز تک بریکنگ خبر بھی آنے کے امکانات ہیں اور اس ضمن میں مسلم لیگ ن کے اندر پولی پولی ڈھولکی بھی بجنا شروع ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی صفوں میں بے چینی بڑھنے لگی ہے اور آنے والے دنوں میں جب نگران حکومتیں قائم ہونگی تو مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرینز کو نوشتہ دیوار سامنے نظر آرہا ہے۔ بہرحا ل ضلع چکوال میں مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے مگر موجودہ پارلیمنٹرینز کے باہمی اختلافات مسلم لیگی قلعے کو مسمار کرنے کیلئے ڈائنا مایٹ خود فراہم کررہے ہیں۔ بہرحال صورتحال بڑی دلچسپ ہے۔