جامعہ کراچی: ایم فل/ پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں 2850 امیدواروں کی شرکت

اتوار 13 مئی 2018 20:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) جامعہ کراچی میں گذشتہ روز ایم فل، پی ایچ ڈی ،ایم ایس اور ایم ڈی میں داخلوںکے لئے طلباء وطالبات کا داخلہ ٹیسٹ متعلقہ شعبہ جات، سینٹرز، انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوا جس میں 2850 طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امسال کلیہ علوم میں داخلوں کے لئے 1162، کلیہ فنون وسماجی علوم میں611، کلیہ تعلیم میں 117، کلیہ قانون میں 38، کلیہ معارف اسلامیہ میں 361، کلیہ نظمیات و انتظامی علوم میں 205، کلیہ علم الادویہ میں 198 جبکہ کلیہ طب میں داخلوں کے لئے 158 طلبا و طالبات نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان نے رئیس کلیہ سماجی علوم اور بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے کنوینر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری کے ہمراہ مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

تمام شعبہ جاتی تحقیقی کمیٹی کے ممبران نے نتائج جانچ کر بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے آفس میں جمع کرا دیئے ہیں۔

کامیاب امیدواروں کی فہرست 17 مئی کو جامعہ کی ویب سائٹ ( www.uok.edu.pk) پر اًپ لوڈ جبکہ شعبہ جاتی نوٹس بورڈ پر آویزاں کردی جائے گی۔ بعد ازاں ایم فل، پی ایچ ڈی کے کامیاب امیدواروںکے انٹرویو لئے جائیں گے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان کی خصوصی ہدایت پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، کمرہ امتحان کے اردگرد غیر متعلقہ ا فراد کاداخلہ ممنوع تھا۔

ٹیسٹ انتہائی پرسکون ماحول اور نظم وضبط کے ساتھ منعقد ہوئے۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدوار انٹرویوز کی تاریخ کے لئے متعلقہ شعبہ جات سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایسے طلبہ جن کی ڈگری ایچ ای سی سے منظور شدہ نجی یا غیر ملکی تعلیمی ادارے سے ہو، انہیں پرویژنل ایڈمیشن سے قبل ڈپٹی رجسٹرار (اکیڈمک) جامعہ کراچی سے ایکویلنس سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :