روزگار کی فراہمی تحریک انصاف کا وژن ہے،

حطار میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام اسی سلسلہ کی کڑی ہے، عمر ایوب

پیر 14 مئی 2018 14:01

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی تحریک انصاف کا وژن ہے، ہری پور میں حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں توسیع اور ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ وہ گذشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف یونین کونسلوں کی سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنے دھڑے، جنبہ اور برادریوں سمیت ان کی حمایت کا اعلان کیا۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی تحریک انصاف کا وژن ہے، اسی مقصد کیلئے حطار صنعتی زون میں توسیع کی گئی ہے، اس سے روزگار کے بے شمار نئے موقع پیدا ہوں گے، اسی طرح منگ کے مقام پر ٹیکنیکل یونیورسٹی کی منظوری پی ٹی آئی کا بہت بڑا اور اہم منصوبہ ہے، یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی ترجیحی بنیادوں پر نوکریاں ملیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بہتر مستقبل کیلئے تحریک انصاف کو کامیاب بنائیں، ہری پورمیں پی ٹی آئی کا بہترین پینل تشکیل دیا جا رہا ہے، انشاء الله تحریک انصاف صوبہ اور مرکز میں حکومت بنائے گی اور ہم دونوں پلیٹ فارم پر اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کریں گے، ہمارا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ایوب خاندان نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔