افغانستان،امریکی فوجی گاڑی تباہ،4امریکی فوجی ہلاک،طالبان کا دعویٰ

افغان صوبے فراہ میں دو طالبان حملوں میں 34افغان پولیس اہلکار جاں بحق

پیر 14 مئی 2018 19:35

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان شہر بگرام میںامریکی فوجی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے تباہ ہو گئی،4امریکی فوجی ہلاک ہو گئے، افغان صوبے فراہ میں دو طالبان حملوں میں 34افغان پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان نے دعوی کیا ہے انہوں نے صوبہ پروان میں4 امریکی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ایران ٹی وی کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبہ پروان کے شہر بگرام میں سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم کا دھماکہ کرکے امریکی فوجیوں کی گاڑی کو اڑا دیا گیا جس میں 4 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے اور امریکی فوج کی بکتر بندگاڑی پوری طرح تباہ ہوگئی۔دوسری جانب طالبان کا کہنا ہے کہ انہوں نے صوبے فراہ میں 2 الگ الگ حملوں میں34 افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔صوبائی کونسل کے سربراہ فرید بختاور کا بھی کہنا ہے کہ رات گئے طالبان نے پولیس مرکزکو گھیرے میں لے کر حملہ کردیا جس میں 23 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فراہ شہر میں ایک اور حملے میں طالبان نے 11 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔