پاکستان میں پولیو کے وائرس کا خاتمہ اپنے آخری مرحلے میں ہے،ڈاکٹر راول

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پولیو کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا سیمینار

پیر 14 مئی 2018 23:30

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) عالمی ادارہ صحت نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ موثر مہم کی بدولت پولیو کے کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور اس سال ا بھی تک صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ پیر کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پنجاب میں انسداد پولیو کے سربراہ ڈاکٹر راول بونیفیشیو نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے وائرس کا خاتمہ اپنے آخری مرحلے میں ہے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے رہ نہ جائے۔ ڈاکٹر بونیفیشیو نے مزید کہا کہ 2016ء سے اب تک لوگوں کی پولیو کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوا ہے تاہم ابھی تک منفی پروپیگنڈے کے باعث بعض جگہوں پر بچے کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے جاتے جس کی وجہ سے اس کے خاتمے میں مشکلات آتی ہیں۔

(جاری ہے)

سیمینار کا بنیادی مقصد سرکاری اور نجی شعبے کے ہسپتالوں میں ایکیوٹ فلیسڈ پریلسز(AFP)کی کلینکل تشخیص میں بہتری لانا تھا۔ سیمینار سے پنجاب میں ڈبلیو ایچ او کی نگران آفیسر ڈاکٹر اجالا نیئر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت بھی موجود تھے۔ پنجاب بھر سے ماہرین صحت نے سیمینارمیں شرکت کی۔