فیس بک نے کرپٹو کرنسی متعارف کروانے کا اعلان کر دیا

فیس بک ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی کرپٹو کرنسی متعارف کرائے گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 14 مئی 2018 23:45

فیس بک نے کرپٹو کرنسی متعارف کروانے کا اعلان کر دیا
کیلی فورنیا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 14مئی 2018ء ) :فیس بک نے کرپٹو کرنسی متعارف کروانے کا اعلان کر دیا۔ فیس بک ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی کرپٹو کرنسی متعارف کرائے گا۔ تفصیلات کے مطابق فیس بک کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی چند بہترین سوشل ویب سائٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف دوستوں کو آپسی رابطے بڑھانے میں مدد دیتی ہے بلکہ کمرشل بنیادوں پر بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔

اگرچہ گزشتہ دنوں اٹھنے والے سکینڈل نے فیس بک کی ساکھ کو خاصا متاثر کیا تھا۔ فیس بک نے صارفین کا ذاتی ڈیٹا کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے سکینڈل کے باوجود فیس بک اپنی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے اور تاحال اپنی مقبولیت بنائے ہوئے ہے۔فیس بک انتظامیہ ایپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے نت نئی تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

ان تبدیلیوں کو عموما صارفین کی جانب سے بہت پسند بھی کیا جاتا ہے۔انہی تبدیلیوں کے پیش نظر فیس بک اپنے پلیٹ فارم پر ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی کرپٹو کرنسی متعارف کرائے گا۔ فیس بک کی کرپٹو کرنسی کے ڈیپارٹمنٹ کی سربراہی ڈیوڈ مارکوس کریں گے جو اس وقت فیس بک میسنجر کی نگرانی کر رہے ہیں۔فیس بک کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر فیس بک کی جانب سے کرپٹو کرنسی کو متعارف کروانے میں ایک لمبا عرصہ درکار ہے کیونکہ اب بلاک چین ٹیکنالوجی ابتدائی مراحل میں ہے۔

رپورٹ میں بھی کہا گیا ہےفیس بک تب تک اپنی کرپٹو کرنسی کو لانچ نہیں کرے گا جب تک وہ خود بڑے پیمانے پر ہونے والی ٹرانزایکشن کو ہینڈل کرنے کے قابل نہ ہوجائے۔یاد رہے کہ اس سال کے آغاز میں فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ فیس بک میں کچھ تبدیلیاں لانے جارہے ہئں جو صارفین میں بہت جلد مقبولیت حاصل کر لیں گے۔