پوپ فرانسس نے اپنی قیمتی لامبورگینی گاڑی سات لاکھ 15ہزارویورومیں نیلام کردی

نیلامی کی رقم کو عراق میں تعمیر نو اور وسطی افریقہ میں غریب مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے لیے استعمال کیاجائیگا

منگل 15 مئی 2018 15:00

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنی لامبورگینی گاڑی نیلام کردی ہے، جس سے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی کاموں میں خرچ کیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پوپ فرانسس کو یہ قیمتی تحفہ اٹلی کی اسپورٹس کاریں تیار کرنے والے ادارے لامبورگینی نے گزشتہ برس نومبر میں دیا تھا۔

لامبورگینی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق اس گاڑی کو پوپ کے حکم کے مطابق 12 مئی کو ریاست موناکو میں 7 لاکھ 15 ہزار یورو میں نیلام کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس گاڑی کو پوپ کے حکم کے مطابق 12 مئی کو ریاست موناکو میں 7 لاکھ 15 ہزار یورو میں نیلام کیا گیا،اس گاڑی کو نیلام کرنے والے ادارے کے مطابق 7 لاکھ یورو سے زائد کی اس رقم میں سے 70 فیصد یا 5 لاکھ یورو سے زائد کی رقم شمالی عراق کے شہر موصل کی تعمیر نو میں مدد کے لیے مہیا کی جائے گی، جسے شدت پسند تنظیم داعش نے تباہ کر دیا تھا۔نیلامی کی باقی ماندہ رقم کو مختلف حصوں میں ایسے فلاحی امدادی منصوبوں کے لیے عطیہ کر دیا جائے گا، جو وسطی افریقہ میں غریب مریضوں کو ادویات کی فراہمی یا پھر نادار انسانوں کی سماجی مدد کے لیے چلائے جا رہے ہیں۔