سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی آسانی کیلئے رمضان المبارک کا جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا

منگل 15 مئی 2018 21:50

لاہور۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہریوں کی آسانی کیلئے رمضان المبارک کا جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ٹریفک پلان کے مطابق رمضان المبارک میں 02ایس پیز ، 11ڈی ایس پیز ، 38سنیئر ٹریفک وارڈنز،62پٹرولنگ افسران اور 2ہزارسے زائد ٹریفک وارڈنز دو شفٹوں میں فرائض سر انجام دینگے۔ حساس اور اہم مساجد و امام بارگاہوں ،32رمضان بازاروں و مدنی دسترخوانوں پر لاہور یوں کی آسانی کے لئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب دیا گیا ہے۔

سحری ، افطاری اور نماز تراویح کے دوران مساجد و امام بارگاہوں پر ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کے لئے اضافی ٹریفک وارڈنزکو تعینات کیا جائے گا۔شہر ی رمضان المبارک کا احترام کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کر کے دوسرے شہریوں کے لئے آسانی پید اکریں ۔

(جاری ہے)

مساجد و امام بارگاہوں اور مارکیٹوں میں رانگ پارکنگ کے خاتمہ کے لئے 50سے زائد لفٹرز کے ساتھ بھی ٹریفک وارڈنز فرائض سر انجام دیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ ٹریفک وارڈنز رمضان المبارک میں ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مشکوک گاڑیوں اور افراد پر بھی کڑی نظر رکھیں گے۔شہر ی’’ پاک رمضان شہریوں کے لئے راستہ آسان ‘‘ کے جذبہ کے تحت ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کریں ۔ رمضان المبارک کا پاک مہینہ ہمیں صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے۔شہری رمضان المبارک کے دوران ٹریفک قوانین کی پاسداری کر کے نبی کریم ﷺ کے سچے مسلمان ہونے کا ثبوت دیں۔ شہر ی مزید معلومات حاصل کر نے کے لئے راستہ ایپ ،ریڈیو ایف ایم 88.6 یا ہیلپ لائن نمبر 15پر رابط کر سکتے ہیں۔