متحدہ عرب امارات میں مائیکرو بس حادثے میں 5 ایشائی کارکن زخمی ہو گئے

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں 5 ایشائی شہری زخمی ہو گئے

Sadia Abbas سعدیہ عباس بدھ 16 مئی 2018 12:37

متحدہ عرب امارات میں مائیکرو بس حادثے میں 5 ایشائی کارکن زخمی ہو گئے
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2018ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں 5 ایشائی شہری زخمی ہو گئے ۔ مزید تفصیلات کے مطابق حادثہ راس الخیمہ کے ریفعہ علاقے میں دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں پیش آیا ۔ راس الخیمہ کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈرایکٹر کمانڈر احمد سعید ال سام ال نقبی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اتوار کے روز صبح ساڑھے سات بجے کار اور مائیکروبس کے درمیان تصادم کے اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر ٹریفک پولیس کی ایک ٹیم ایمبولینس ، پیرا میڈیکس سٹاف اور ریسکیو ٹیم کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور فوری طور پر زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا ۔

مقامی ذرائع کے مطابق ملبے کو فوری طور پر سڑک سے ہٹایا گیا اور سڑک کو معمول کی آمدورفت کے لیے خالی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈرایکٹر کمانڈر احمد سعید ال سام ال نقبی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کی باعث پیش آیا تھا ۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور جنکی عمریں 26 اور 27 سال تھیں معمولی طور پر زخمی ہوئے تھے جبکہ باقی کے دوافراد معمولی طور پر زخمی ہوئے تھے اور ایک 54 سالہ شخص شدید زخمی ہو گیا تھا ۔

54 سالہ شخص کی حالت تشویشناک ہے اور اسے اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج رکھا گیا ہے ۔محکمہ ٹریفک کے ڈرایکٹر کمانڈر احمد سعید ال سام ال نقبی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور کو دوران ڈرائیونگ لاپرواہی نہیں برتنی چاہیے بصورت دیگر ایسے واقعات پیش آتے رہیں گے ۔