قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی کورم کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے معطل رہی

بدھ 16 مئی 2018 15:56

اسلام آباد۔ 16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کورم کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے معطل رہی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں مطالبات زر کی منظوری کا عمل جاری تھا کہ اس دوران فاٹا کے کے پی کے میں انضمام کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے فاٹا کے انضمام کے حوالے سے جب وضاحت کی تو اس پر پی ٹی آئی کی طرف سے ڈاکٹر عارف علوی اور پی پی پی کی طرف سے عبدالستار بچانی نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا اور پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔

صدر نشین زاہد حامد نے گنتی کا حکم دیا۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اجلاس کی کارروائی کورم پورا ہونے تک معطل کردی گئی۔