اسٹیٹ بنک پاکستان کے زیر اہتمام زرعی یونیورسٹی ڈیرہ میں ایگریکلچر گریجویٹس کیلئے خیبر پختونحوا کا پہلا جاب فیئرکا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام چارٹرڈ بنکوں نے سٹالز لگائے ، ایگریکلچر سے وابسطہ طلبہ کو راہ نمائی فراہم کی گئی

بدھ 16 مئی 2018 21:29

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) اسٹیٹ بنک پاکستان کے زیر اہتمام زرعی یونیورسٹی ڈیرہ میں ایگریکلچر گریجویٹس کیلئے خیبر پختونحوا کا پہلا جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام چارٹرڈ بنکوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے تھے جہاں ایگریکلچر گریجویٹس کو بنکوں میں ایگریکلچر کریڈٹ آفیسر کی پوسٹ کے حوالے سے تعاون اور راہ نمائی فراہم کی گئی اس جاب فیئر کے فوکل پرسن زرعی یونیورسٹی ڈیرہ کے پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی تھے۔

جاب فیئر سے خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر جائنٹ ڈائریکٹر اکرام اللہ قادری،چیف منیجر عبدالقیوم زاہد ، ڈپٹی ڈائریکٹر نذیر ، گومل یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر محمد سرور ، فوکل پرسن زرعی یونیورسٹی ڈیرہ ڈاکٹر سلیم جیلانی اور دیگر بنکوں کے نمائندوں اور اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے زرعی گریجویٹس کیلئے ملک بھر میں پہلے دو جاب فیئر منعقد کئے گئے اب زرعی یونیورسٹی ڈیرہ میں ہونے والا یہ جاب فیئر خیبر پختونخوا میں پہلا اور ملکی سطح کا تیسرا پروگرام ہے جس سے زرعی یونیورسٹی کے طلبہ براہ راست مستفید ہونگے اور اس کے اثرات اس علاقے پر مرتب ہونگے انہوں نے کہا کہ اس جاب فئیر کے انعقاد پر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز احمد خان اور فوکل پرسن ڈاکٹر سلیم جیلانی کو مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ کا مستقبل میں اس علاقے کی ترقی میں اہم کردار ہوگا چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان کی اہمیت میں اضافہ ہوگا اور اس تناظر میں زرعی یونیورسٹی کے گریجویٹس کے لیئے ترقی کے کئی میدان کھلیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب کے خاتمہ پر سٹیٹ بنک آف پاکستان کے سینیئر جائنٹ ڈائریکٹر اکرام اللہ قادری اور دیگر بینکرز نے زرعی یونیورسٹی ڈیرہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز احمد خان کو خصوصی شیلڈز پیش کی اور انکے تعاون کوسراہا۔