سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے رضا حسن پر ٹیم کے دروازے کھلنے کا امکان

جمعرات 17 مئی 2018 12:52

سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے رضا حسن پر ٹیم کے دروازے کھلنے ..
لاہور(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی 2018 ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم اور فاسٹ باﺅلر رومان رئیس کی انجری طویل ہونے کے باعث ٹیم انتظامیہ نے تجربہ کار لیفٹ آرم سپنر رضا حسن اور نوجوان آل راﺅنڈر عمید آصف پر نظریں جمالیں ہیں۔سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا البتہ تجربہ کار آل راﺅنڈر شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بھی ٹیم میں رکھا گیا ہے۔

تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق، ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پر فارمر کامران اکمل اور ان کے بھائی عمر اکمل کا نام بھی اس ٹیم میں شامل نہیں ہے۔انگلینڈ اور آئرلینڈ میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مشاروت کے بعد 25 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے رضا حسن اور عمید آصف قوت بخش ادویات کے استعمال کی پاداش میں پابندی گزار چکے ہیں۔

رضا حسن پر عائد دوسال کی پابندی گذشتہ سال ختم ہوئی تھی جس کے بعد رضا حسن نے لاہور قلندرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی تھی جبکہ عمید آصف نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔رضا حسن پر جب پابندی لگی اس وقت وہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے مستقل رکن تھے، رضا حسن اور عمید آصف نے سیالکوٹ ریجن کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو میں بھی شرکت کی تھی۔

زمبابوے میں سہہ فریقی ٹورنامنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے بھی کھیلے گی۔ اس وقت اگر لیگ سپنر یاسر شاہ فٹ ہوگئے تو انہیں بھی ون ڈے سیریز میں کھلایا جاسکتا ہے،جولائی اور اگست میں زمبابوے کی سہہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں تیسری ٹیم آسٹریلیا کی ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 کھلاڑیوں کی فہرست میں سے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔