ملک کے 45 سے زائد علاقوں میں عازمین حجاج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ مکمل

جمعرات 17 مئی 2018 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) رفیق الحجاج کمیٹی نے ملک کے 45 سے زائد علاقوں میں عازمین حجاج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ رفیق الحجاج کمیٹی کے نائب صدر بابو عمران قریشی نے جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ عازمین حج کو تین مراحل میں تربیت دی جا رہی ہے، تربیت کا آخری مرحلہ عیدالفطر کے بعد شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ رفیق الحجاج کمیٹی نے پہلے مرحلہ میں 30 ڈویژنل صدر دفاتر میں مقیم عازمین حج کو تربیت فراہم کی اور 15 تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے عازمین نے دوسرے مرحلہ میں تربیت حاصل کی جو رمضان المبارک کی آمد سے قبل حال ہی میں مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت، سکردو اور چلاس کے تین شہروں کے عازمین آخری مرحلہ میں تربیت حاصل کریں گے جو عیدالفطر کے بعد منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تربیت فراہم کرنے والوں ماسٹر ٹرینرز شامل ہیں جو عازمین کو فریضہ حج سے متعلق مناسک اور حضرت محمدؐ کی سنّت کے مطابق ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ بابو عمران قریشی کی قیادت میں ٹیم میں میاں محمد اقبال، حاجی محمد حنیف اور حاجی افضال شامل ہیں جو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے تعاون سے عازمین کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ اسی طرح رفیق الحجاج کمیٹی کے بانی بابو شفقات قریشی کی اہلیہ اور مسز طیبہ عمران قریشی اور مس کوثر جبین خواتین عازمین کو تربیت فراہم کر رہی ہیں۔ رفیق الحجاج کمیٹی 33 برس سے یہ ذمہ داری سرانجام دے رہی ہے۔