مشرق وسطی میںامن کے حصول کے لئے بھرپور کوشش کی ضرورت ہے، چینی وزیر خارجہ

جمعہ 18 مئی 2018 10:10

میڈرڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی اور سپین کے وزیر خارجہ الفونو ڈاسٹس نے میڈرڈ میں مذاکرات کے بعد مشترکہ طور پر صحافیوں سے گفتگوکی۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق وانگ یی نے اسموقع پر فلسطین اور اسرائیل کی صورتحال کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ 14مئی کوغزہ میں ایک دن کے اندر 62 افرادجاںبحق اور دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہونے کے واقعے پر ہم حیرت اورافسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم طاقت کے استعمال کی ہمیشہ سخت مزمت کرتے ہیں۔ہم پرزور الفاظ میں اپیل کرتے ہیں کہ متعلقہ فریقوں کو سب سے زیادہ حد تک پرامن رہنا چاہیئے اور ضبط و تحمل سے کام لینا چاہیئے، تاکہ موجودہ صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

وانگ یی نے مزید کہا کہ ہم مشرق وسطی کے امن عمل کی غیر متزلزل طور پر حمایت کرتے ہیں اور اس کو فروغ دیتے ہیں۔فلسطینی عوام کے قومی قانونی حقوق کی بحالی اور انصاف پر مبنی نصب العین کی غیر متزلزل طور پر حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مشترکہ کوشش کرنا چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے منصوبے اور پرامن بات چیت پر قائم رہنے کی بنیاد پر فلسطینی مسلے سے جامع ،انصاف پر مبنی اور مناسب طریقے سے نمٹا جائے ۔