نیا ناظم آباد رمضان کپ‘بلال آصف نیشنل بینک کو فتح سے ہمکنار کرنے میں کامیاب

جمعہ 18 مئی 2018 17:20

نیا ناظم آباد رمضان کپ‘بلال آصف نیشنل بینک کو فتح سے ہمکنار کرنے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) نیشنل بینک نے سندھ پولیس کو 38 رنز سے شکست دے کر چھٹا نیا ناظم آباد رمضان کپ 2018ء کے گروپ ’بی‘میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کے آل راؤنڈر بلال آصف کوسابق ٹیسٹ ایمپائر سلیم بدر نے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ بلال آصف نے 4چھکوں کی مدد سے 28رنز اور 22رنز کے عوض 3شکار کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

فاروق حسن کی 4اور رضا الحسن کی 3وکٹیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔آج (ہفتہ) 2میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ ’سی‘ میںکے الیکڑک کامقابلہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور گروپ ’سی‘ میں ڈالر ایسٹ اور پاکستان کسٹم کی ٹیمیں نبردآزما ہونگی۔نیا ناظم آباد کے سرسبز لوائی کرکٹ اسٹیڈیم پر ٹاس جیت کر نیشنل بینک نے پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی اور مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 138رنز بنا کر پویلین لوٹی۔

(جاری ہے)

نیشنل بینک کا آغاز اچھا نہ تھا دوسری ہی گیند پر رمیز عزیز بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے ۔بعدازاں بلال آصف 28رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے انہوں نے دوران اننگز 4بلند و بالا چھکے لگائے۔ احسان علی کے 27رنز میں 5چوکے شامل تھے۔نوید یاسین نے 14رنز میں ایک چوکا لگایا۔فاروق حسن نے انتہائی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 32رنز کے عوض 4حریف کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

رضا الحسن نے بھی 19رنز پر 3شکار کئے۔ عامر علی اور علی اصغر نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔سندھ پولیس جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 16.3اوورز میں 100رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عمار حسین نے 3چوکوں کی مدد سے 28رنز کی اننگز کھیلی۔ عامر علی نے 20رنز میں 3چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ فضل سبحان کے 11رنز میں 2چوکے شامل تھے۔ سعد خان نے 21اوربلال آصف نے 22رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔رضا حسن نے 11رنز پر2کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کیا جبکہ عبدالرحمن کے ہاتھ 24رنز پر 2وکٹ لگے۔ ایمپائرز خالد محمود سینئر اور امتیاز اقبال ، آفیشل اسکورر محمد احسان اور جنید افضل جبکہ میچ ریفری اقبال شیخ تھے۔