نثار کھوڑو نے اپنی رہائش گاہ پر بے سہارا اقلیتوں میں 5،5 ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے

جمعہ 18 مئی 2018 18:04

نثار کھوڑو نے اپنی رہائش گاہ پر بے سہارا اقلیتوں میں 5،5 ہزار روپے کے ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اپنی رہائش گاہ پر بے سہارا اقلیتوں میں 5،5 ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے جبکہ ایک ماہ قبل شادی کی تقریب میں دوران محفل گولی لگنے کے باعث قتل ہونے والی گلوکارہ ثمینہ سندھو کے شوہر کو حکومت سندھ کی طرف سے اعلانیہ 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کی سیاست صرف کھوکھلے نعروں پر چل رہی ہے، عوامی اشوز کے حل کے لئے صرف پیپلز پارٹی ہی سیاسی میدان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ چوروں کی وجہ سے ملک کا دنیا میں وقار مجروح ہوا ہے، ن لیگ نے سندھ کی عوام کو محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا، آئندہ انتخابات میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کو سندھ سے کچھ نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ، ن لیگ اور جی ڈی اے عوام دشمن ہیں، آئندہ انتخابات میں عوام ان کو مسترد کردینگے، پیپلز پارٹی غریبوں کو روزگار دینا اور چولھے جلانے پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سٹی صدر نورالدین ابڑو، جنرل سیکریٹری محمد امین شیخ، سیکریٹری اطلاعات شکیل میمن اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔