چیف کمشنر اسلام آباد نے بہارہ کہوکے نواحی موضع کڑی میں کمپیوٹر لٹریسی سنٹر کاافتتاح کیا

اتوار 20 مئی 2018 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) چیف کمشنر اسلام آبادآفتاب اکبر درانی نے بہارہ کہوریونیو سنٹر کے اپنے دورہ کے دوران موضع کڑی میں کمپیوٹر لٹریسی سنٹر کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آبادنے کہاکہ دیہی علاقوں میں کمپیوٹر لٹریسی کے فروغ سے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے اور آمدن کے ذرائع بھی پیدا ہونگے۔

بعد ازاں چیف کمشنر اسلام آباد نے ریونیوسنٹر بہارہ کہوکادورہ کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران چیمہ ،تحصیل دار اور نائب تحصیل دار بھی ریونیوسنٹر میں موجود تھے۔ چیف کمشنر اسلام آبادکے دورے کی خبر سنتے ہی علاقے کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے جنہوں نے علاقے کے مسائل سے چیف کمشنر اسلام آباد کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر اسلام آباد نے لوگوں کی شکایات اور مسائل توجہ سے سنے اور موقع پر متعلقہ حکام کو لوگوں کی شکایات کے ازالے اوران کی فوری داد رسی بارے ہدایات جاری کیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے سنٹر میں تعینات ریونیو اسٹاف کے بارے کہا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں۔ اس سلسلے میں وہ کوئی غفلت برداشت نہیںکریںگے ۔چیف کمشنراسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام اسٹاف اپنی حاضری یقینی بنائے اور لوگوں کے مسائل حل کرے کسی بھی شکایت پر سخت کارروائی ہوگی۔بعدازاں چیف کمشنر اسلام آباد نے ہیلتھ سنٹر میںدورے کے دوران وہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کااظہار کیا اور عملے کوہدایت کی کہ سنٹر میں صفائی کا خیال رکھیں اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔انہوںنے عملے کی کمی کا سختی سے نوٹس لیا اور کمی ختم کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔