مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نے گزشتہ ماہ گرفتارکئے جانے والے طلباء کے موبائل فون ابھی تک واپس نہیں کئے

اتوار 20 مئی 2018 16:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے گزشتہ ماہ اسلام آباد قصبے میں گرفتار کئے جانے والے گورنمنٹ ڈگری کالج کے 20 سے زائد طلباء کے موبائل فون ابھی تک واپس نہیں کئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کٹھوعہ میں کمسن بچی کی آبروریزی اورقتل کے خلاف ڈگری کالج کے طلباء کی طر ف سی23اپریل کو احتجاجی مظاہروں کے بعد بھارتی پولیس نے 20 سے زائد طلباء کو گرفتارکرلیا تھا۔

(جاری ہے)

گرفتاری کے وقت اسلام آباد کے صدر پولیس سٹیشن میں طلباء کے موبائل فون سمیت دیگر چیزیںپولیس نے اپنی تحویل میں لے لی تھیں۔ اسلام آباد کے ایس ایس پی الطاف خان نے اعتراف کیا ہے کہ طلبا کے موبائل فون پولیس کے پاس ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے جانچ پڑتال کے لیے موبائل فون اپنے پاس رکھے ہیں لیکن ان میں سے اکثر لاکڈہیں اور ہمارے ماہرین ان کو کھول نہیں سکے اور ہم چاہتے ہیں کہ طلباء آئیں اور ان کو ہمارے لیے کھول دیں۔