خلیجی ممالک کے غیر ملکی زر مبادلہ کا حجم 309 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا

پیر 21 مئی 2018 10:10

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر خلیجی ممالک کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 308.9 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیا۔ یہ سال 2017ء کی چوتھی سہ ماہی کے اختتام پر مجموعی حجم 295.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13.3 ارب ڈالر زیادہ ہے۔سعودی روزنامے الاقتصادیہ کے مطابق 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران خلیجی ممالک کے غیر ملکی زر مبادلہ کے مجموعی حجم میں 4.5 فی صد کے قریب اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے مرکزی بینکوں کے اعداد وشمارکے مطابق سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر خلیجی ممالک کے زر مبادلہ کے مجموعی حجم 308.9 ارب ڈالر میں 52.2 فیصد کے قریب 161.48 ارب ڈالر سعودی عرب کا حصّہ ہے۔متحدہ عرب امارات 73.8 ارب ڈالرمجموعی حجم کے 23.9 فیصد کے ساتھ دوسرے اور کویت 32.8 ارب ڈالرکے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ قطر کے غیر ملکی زر مبادلہ کا حجم 32.3 ارب ڈالر، سلطنتِ عٴْمان کا تقریبا 6.99 ارب ڈالر اور بحرین کا 1.41 ارب ڈالر رہا۔غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لحاظ سے امارات 5.7فیصد کے ساتھ پہلے، کویت 5.1 فیصد کے ساتھ دوسرے اور سعودی عرب 3.5 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ قطر کے غیر ملکی زر مبادلہ کے حجم میں 0.8 فیصدکا معمولی اضافہ ہوا۔