بھارت میں گائے ذبح کرنے کے شبے پر ایک مسلمان کا قتل،ایک زخمی

انتہاپسندوں نے 45سالہ سراج خان کو مارمارکرقتل کردیا،کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی،پولیس

پیر 21 مئی 2018 13:25

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) وسطی بھارت میں گائے ذبح کرنے کے شبے میں ایک مسلمان شخص کو قتل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک اور کی حالت نازک ہے۔ بھارت میں قوم پرست ہندوں کے ہاتھوں مسلمان اقلیت پر یہ تازہ ترین حملہ ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق پینتالیس سالہ سراج خان کو گائے ذبح کرنے کے شبے پر متعدد افراد نے تشدد کر کے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ مدھیا پردیش کے ضلع ستنا میں پیش آیا۔ پولیس اہلکار اروند تیواری نے بتایا کہ خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔ اس واقعے میں سراج خان کا ایک ساتھی شکیل مقبول بھی شدید زخمی ہوا، جو اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔پولیس کے مطابق ابھی تک کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔