اکوڑہ خٹک، لاکھوں روپے مالیت کی بکریاں چوری کرنے والا گروہ رنگے ہاتھوں گرفتار

پیر 21 مئی 2018 18:46

نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) اکوڑہ خٹک پولیس کی مویشی چور گروہ کے خلاف کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی بکریاں چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاگیا۔ پولیس نے مویشی برآمد کرکے چارملزمان کوسرغنہ سمیت گرفتار کرلیا۔ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نوشہرہ سیدشہزاد ندیم بخاری کو عوام کی جانب سے شکایات موصول ہوئی کہ اکوڑہ خٹک سرکل میںمویشی چوری کا سلسلہ جاری ہے۔

جس پر ڈی پی او نوشہرہ نے ڈی ایس پی اکوڑہ خٹک اعجاز خان کی قیادت میںایس ایچ او تھانہ اکوڑہ خٹک بہروز خان اور ایس ایچ او تھانہ نظام پور بصیر خان پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔تفتیشی ٹیم ناکہ بندی پر موجود تھی کہ اس دوران ایک مشکوک سوزوکی نمبر9854 کو خاورئی خوڑ میں روکا۔

(جاری ہے)

جس میں مویشی موجود تھے۔ گاڑی میں سوار افراد سے پوچھنے پر تسلی بخش جواب نہ ملنے پرملزمان فخر عالم ولد محمد عالم، طاہر خان ولد ظاہرخان ساکنان تارو جبہ اصل محمد ولد اخترگل ساکن باڑہ خیبرایجنسی کو گرفتار کرلیاگیا۔

اور ابتدائی تفتیش کرنے پر ملزمانے نے اعتراف جرم کرلیا۔ ملزمان سے قیمتی نسل کی بکریاں برآمد کرلی گئیں۔جبکہ نظامپور میں محمد ساجد ولد اعراف گل ساکن نظامپور کی رپورٹ پر جس میں اس نے اپنی چار بکریاں چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی پر کاروائی کرتے ہوئے حصار تنگ کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران ایک تیز رفتار رکشا کو روکا گیا۔ جس میں مطلوبہ بکریاں موجود تھیں۔ پولیس نے ملزم مبشر نوید ولد الف خان ساکن اٹک کینٹ کو گرفتارکرکے چاروں بکریاں برآمد کرلی گئیں۔