عام انتخابات 2018 میں صوبائی الیکشن کمیشن کیجانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، کمشنر سکھر

پیر 21 مئی 2018 23:43

سکھر۔ 21مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2018 میں صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا تمام سیاسی پارٹیوں کو عام انتخابات سے قبل جلسہ جلوس، ریلی، کارنر میٹنگ اور دیگر پروگراموں کے لیے پیشگی اجازت لینا ہوگی ،انتظامی افسران انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کوہر صورت میںیقینی بنائیں گے تاکہ ایس او پی اورمضبوط میکنزم کے تحت حفاظتی انتظامات کو عملی جامہ پہنایا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ آفس سکھر میں عام انتخابات 2018 کی سیکورٹی ، پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگراہم نکات پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس خادم حسین رند، الیکشن کمیشن کے اسسٹنٹ کمشنر روینیو نظیر حسین ابڑو، خیرپور، سکھر،گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنروں، تینوں اضلاع کے ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے ڈی سیز اور ایس ایس پیز سمیت دیگر افسران کو ہدایت کی کہ وہ آر اوز اور ڈی آراوز کو حفاظتی انتظامات، پولنگ اسٹیشنوں میں سہولیات اور زمینی حقائق سے آگاہیں دیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے مزید کہا کہ انتظامی افسران اورمحکمہ الیکشن کمیشن متعلقہ اضلاع کے تمام سیاسی پارٹیوںکے رہنمائوں کوعام انتخابات کے ضابطہ اخلاق اور ایس او پی کے بارے میںآگاہی فراہم کریں تمام سیاسی پارٹیاں اپنا جلسہ ، جلوس اور کارنر میٹنگز کے انعقاد کے لیے پیشگی اجازت کو یقینی بنائیں تاکہ متعلقہ علاقے میں حفاظتی انتظامات کیے جاسکیں ۔

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے اے سی روینیو نے بتایا کہ عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے مختلف محکموں کے ملازمین اور افسران کو تربیت فراہم کی گئی ہے تاہم محکمہ تعلیم سے وابستہ غیر حاضرملازمین کی تعداد زیادہ ہے جس پر کمشنر سکھر نے غیر حاضر ملازمین کی فہرست طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وں کو ہدایت کہ وہ ایسے ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کریں ۔

اے سی روینیو الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزعام انتخابات کے دوران اور اس سے قبل ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے طور پر کام کریں گے اور خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو جرمانہ ، وارننگ اور مزید خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کو متعلقہ امیدوار کو نااہل قرار دینے کے لیے تحریری طور پر آگاہی دینے کے مجاز ہونگے۔ اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے حوالے سے 144 دفعہ لگانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

اجلاس میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات اور لیڈروں کے خلاف ہرزہ سرائی جیسے واقعات اور ان سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر غور لائی گئی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنروں کو پابند کیا کہ وہ محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ فوری رابطہ کرکے پولنگ اسٹیشنوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔