اسرائیل کا یورپ سے غزہ میں قتل عام کی تحقیقات کی حمایت پر احتجاج

منگل 22 مئی 2018 10:20

مقبوضہ بیت المقدس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) یورپی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ذریعے فلسطین کے علاقے غزہ میں نہتے 118 فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کی حمایت پر اسرائیل نے سخت احتجاج کیا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ ٹی و ی کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے تل ابیب میں تعینات یورپی ملکوں سپین، سلوینیا اور بیلجیئم کے سفیروں کو طلب کیا اور غزہ میں مظاہرین کے قتل عام کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام کی حمایت پر ان سے سخت احتجاج کیا گیا۔

واضح رہے کہ تین روز قبل جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں غزہ کی مشرقی سرحد پر وطن واپسی کے لئے احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی جس پر اسرائیل نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔