پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس ای) نے رواں سال پاکستان کو 7 بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی دے دی

منگل 22 مئی 2018 11:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس ای) نے رواں سال پاکستان کو 7 بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی دی ہے۔ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پشاور میں رمضان تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ایس اے نے رواں سال 5 ہزار ڈالر سے لے کر 70ہزار ڈالر کے 7 ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس میں تین ایونٹ اسلام آباد، دو کراچی اور دو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد میں ایک ایونٹ پاکستان سرکٹ ون مینز 10 ہزار ڈالر جبکہ خواتین کا 5 ہزار ڈالر کا کامیابی سے انعقاد ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

عید کے بعد لاہور میں پی ایس اے کا ایونٹ کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد مرحلہ وار اسلام آباد سمیت کراچی میں بھی پی ایس اے کے مقابلے ہوں گے۔ ان ایونٹ میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ قمر زمان نے کہاکہ پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی مقابلوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور یہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے کارآمد ثابت ہو رہا ہے کیونکہ ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایئر فورس ملک میں سکواش کے فروغ اور بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔ قمر زمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں رمضان تربیتی کیمپ لگایا ہے جس میں انڈر۔9، انڈر۔11 اور انڈر۔13 کے جونیئر 70 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کے مابین ہر روز لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلے جا رہے ہیں تاہم اس تربیت کا فائنل رائونڈ 12جون کو کھیلا جائے گا۔ اس تربیت کا مقصد نچلی سطح سے جونیئر کھلاڑیوںکو آگے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جونیئر کھلاڑیوں میں جو بھی کھلاڑی باصلاحیت ہے انہیں قومی سطح پر لانے کیلئے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔