حوثی باغی ترک بحری جہاز پرمیزائل حملے کے ذمہ دار ہیں،ترجمان عرب اتحاد

حوثی باغی ماہ صیام میں آنے والی امداد اشیاء بھی لے اڑے،شہریوں کو انسانی ڈھال بنارہے ہیں،پریس کانفرنس

منگل 22 مئی 2018 11:50

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) یمن کی آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے الحدیدہ بندرگاہ پر ترکی کے بحری جہاز پر میزائل حملے کی ذمہ داری ایران نواز حوثی باغیوں پر عاید کی ہے اورکہاہے کہ حوثیوں نے الحدیدہ بندرگاہ پر ترکی کے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے ترکی کے جس جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا وہ گندم لیکر آ رہا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں نے ماہ صیام کے دوران یمنی شہریوں کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان پر بھی قبضہ کر لیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی جنگ کے دوران شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی امداد بھی لوٹ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترکی المالکی نے کہا کہ یمن کے سقطری جزیرے میں شاہ سلمان ریلیف مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صعدہ گورنری کی مزید کئی کالونیوں اور قصبوں کو باغیوں سے چھڑانے کے بعد ان پر یمنی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔عرب اتحادی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یمن کی سرحد پر حالات پرامن ہیں۔ فوج کے حوصلے بلند اور باغیوں کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔