کپاس کی اچھی پیداوار کیلئے قطاروں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے،ترجمان کسان فورم

منگل 22 مئی 2018 16:22

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) کپاس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے قطاروں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ پودے جگہ کی مناسبت سے بڑھوتری کریں۔ کسان ویلفئیر فورم پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ پودے سے پودے کا فاصلہ 12 سے 15 انچ، کھیلیوں سے کھیلیوں کا فاصلہ 2 فٹ 6 انچ اور فی ایکڑ پودوں کی تعداد 14000 سے 17500 رکھیں۔

کاشت کے بعد بیج عموماً 4 سے 5 دن میں اُگ آتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد کھیت میں جہاں کہیں بھی ناغے نظر آئیں وہاں سے خشک مٹی ہٹا کر خالی جگہ گوڈ کر مناسب فاصلہ پر 5 سے 6 گھنٹے پانی میں بھگوئے ہوئے 4 سے 5 بیج ڈال کر نمدار مٹی سے ڈھانپ دیں۔ اس طرح ناغے پر ہوجائیں گے۔ کاشت کے دوران نالی بندہوجانے سے اگر بیج زیادہ لمبے فاصلہ پر نہ اگا ہو تو اسی وتر میں دوبارہ بوائی کیلئے ایک نالی والی ڈرل بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ ناغے پر کرنے میں جلدی کریں کیونکہ وتر کم ہوجانے پر بیج نہیں اگتے۔ بہتر ہے کہ پلاسٹک کی تھیلیوں میں بیج کاشت کرلیے جائیں تاکہ کھیتوں میں جہاں کہیں ناغے ہوں وہاں پر یہ پودے منتقل کیے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :