چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا گلشن اقبال زون میں پودوں کی نرسری کا دورہ

منگل 22 مئی 2018 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو اپنا یا جائے تو ماحولیاتی آلودگی سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے اس سلسلے میں نرسری کی سہولت سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، نرسری میں موجود اسٹاف درختوں کی نشونماء و افزائش کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ،کراچی میں موجودہ گرمی کے پیش نظر ماحول دوست درختوں کو فروغ دیا جانا ازحد ضروری ہے اور ایسے درخت لگنے چاہیئیںجس سے طویل المعیاد بنیادوں پر کراچی کے باسی فائدہ اٹھا سکیں ، ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گلستان جوہر گلشن اقبال زون بلاک 15 میں پودوں کی نرسری کا دورہ کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر چیئرمین معید انور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نرسری میں نئے پودوں کی افزائش کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے ایسے پودوں کی افزئش کی جارہی ہے جو کراچی کی آب و ہوا میں پھل پھول سکیں اور نمو پا کر زیادہ سے زیادہ سائے کا سبب بنیں ، شجرکاری کے پہلے فیز میں رب میڈیکل روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ اور حسن اسکوائر کے اطراف نیم و دیگر درخت لگائے جائیں گے جس کا دائرہ کار آہستہ آہستہ وسیع کیا جائیگا، نیم کے درخت جیسے درخت ہی ماحولیاتی آلودگی کیلئے سازگار ہیں چئیرمین بلدیہ شرقی نے اس موقع پر مزید کہا کہ نرسری کے ذریعے پارکوں ، گرین بیلٹس ، سینٹرل آئی لینڈ کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پودوں کی افزائش کرکے اس بات کی کوشش کی جائے کہ شجرکاری کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے دستیاب ہوں جو کہ ماحولیاتی آلودگی کی کمی کیلئے موثر ترین ذریعہ ہیں،پہلے مرحلے میں چھوٹی بڑی شاہراہوں پر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا جائے اور اسے آگے بڑھاتے ہوئے گلی محلوں تک پہنچایا جائے ، اس موقع پر ایس ای ایسٹ طارق مغل، محکمہ پارکس کے متعلقہ افسران ، ایکسی این ایم اینڈ ای مبین شیخ ، ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس ودیگر افسران موجود تھے۔